نئی دہلی،27نومبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) محکمہ انکم ٹیکس نے عام آدمی پارٹی کو ایک وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے ’آپ‘ سے پوچھا ہے کہ 30.67 کروڑ روپے آپ سے کیوں نہ وصولے جائیں ۔ محکمہ کے نوٹس پر’ آپ‘ نے کہا ہے کہ ہمارا چندہ پاکیزہ ہے اور یہ دشمن کی کارروائی کا شاخسانہ ہے ۔’ آپ ‘ کے قومی خزا نچی دیپک باجپائی نے کہا کہ محکمہ کا یہ نوٹس لغو اور بے بنیاد ہے۔ ہمارا چندہ مکمل طور شفاف ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلی بار کسی پارٹی کے چندے کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ۔محکمہ انکم ٹیکس نے 7 دسمبر کو پارٹی سے اپنے موقف کی وضاحت چاہی ہے ۔ محکمہ انکم ٹیکس کے نوٹس میں’ آپ‘ پر یہ الزام لگایا ہے کہ چندہ قانون کے مطابق نہیں ہوا ہے ۔ علاوہ ازیں محکمہ انکم ٹیکس نے عام آدمی پارٹی کو 2014-15 میں غیر آئینی طریقہ سے چندہ اکٹھا کرنے کا بھی الزام لگایا ہے ۔ محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے لگائے الزامات کی تفصیل یوں ہے ۔1 عام آدمی پارٹی نے اپنے اکاؤنٹ میں 13.16 کروڑ رقم کے بارے میں کوئی معلومات محکمہ کو نہیں دی ۔2 عام آدمی پارٹی الیکشن کمیشن کو چندہ دہندگان کی معلومات میں 461 عطیہ دینے والوں کے نام اور ایڈریس کی معلومات نہیں دی جنہوں نے 6.26 کروڑ روپے کا چندہ دیا تھا ۔3 جانچ کے دوران پتہ چلا کہ ’’ آپ ‘‘ نے 36.95 کروڑ روپے کے چندے کی تفصیلات ویب سائٹ پر نہیں دی اور پکڑے جانے پر ویب سائٹ سے ساری تفصیلات ہٹا لی۔4عام آدمی پارٹی نے انتخابی کمیشن کو 29.13 کروڑ روپے کے عطیہ کے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی ۔ 5عام آدمی پارٹی نے حوالہ آپریٹر کو 2 کروڑ روپے کا عطیہ لیا ہے ۔6 عام آدمی پارٹی نے تفتیش گمراہ کرنے کی کوشش کی جب کہ اپنی صفائی پیش کرنے کیلئے 34 سے زائد مواقع بھی دیئے گئے۔خیال رہے کہ 2014-15کے انتخابات کے دوران لیے جانے والے پیسے کے متعلق یہ نوٹس آیا ہے۔ اس میں اپریل 2014 میں 2 کروڑ روپے کا عطیہ بھی شامل ہے، جس میں طویل عرصے سے تنازعہ ہوتا رہا ہے ۔ الزام یہ ہے کہ یہ عطیہ بلیک منی ہے جس کو پارٹی کے ذریعے وائٹ منی کی شکل میں بدلا گیا ہے۔ فروری 2015 میں جب دہلی میں اسمبلی انتخابات چل رہے تھے اسی وقت یہ کیس سامنے آیا تھا جس پر خود مودی نے ’’ کالی رات کا کالا دھن ‘‘ کہہ کر تنقید بھی کی تھی ، تاہم عام آدمی پارٹی کا دعوی ہے کہ انہوں نے پورے قوانین کے تحت یہ چندہ لیا تھا۔اس سے پہلے محکمہ انکم ٹیکس نے اس سال مئی مہینے میں بھی ’’آپ ‘‘کو وجہ بتاؤ نوٹس بھیج کر پوچھا تھا کہ اکاؤنٹ میں مبینہ جعل سازی اور موصولہ چندہ پر جان بوجھ کر ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کی کوشش کے جرم میں ’آپ ‘ پر کیوں نہ مقدمہ چلایا جانا چاہئے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور تین دیگر پارٹی کے عہدے داران کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے ۔